بنگلورو29؍اکتوبر (ایس او نیوز)ملک کے معروف تاریخ داں رامچندرا گوہا نے دائیں بازو او ر بائیں بازو کی پارٹیوں پر یکساں حملہ کرتے ہوئے کہا وطن سے محبتpatriotism کا مطلب جارحانہ حب الوطنی jingoism ہرگز نہیں ہے۔اور الزام لگایا کہ مذہبی کٹر پنتھی اور کمیونسٹ طبقے دونوں ہی ہندوستان میں جنگوازم کے فروغ کے لئے ذمہ دار ہیں۔
بنگلورو میں منعقدہ ادبی پروگرام' لِٹ فیسٹ' میں "Jingoism versus Patriotism"کے موضوع پر بولتے ہوئے گوہا نے کہا وطن سے محبت کے معنی موجودہ دور میں جارحانہ حب الوطنی میں بدل دئے گئے ہیں۔انہوں نے اس کی چار صفات گنواتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی ہونے کا مطلب 'ہندو 'ہونا بن گیاہے۔ہندی کو قومی زبان بناتے ہوئے توقع کی جارہی ہے کہ ہر ایک کو یہ زبان بولنا چاہیے۔پاکستان کو مشترکہ دشمن تصور کیا جاتا ہے۔اور ان خیالات پر تنقید کرنے والوں کو 'غدار وطن'قرار دیا جاتا ہے۔
ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کی تقریر سے اقتباس پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ :"مذہبی بھکتی کی جڑیں خدا کی طرف لے جاتی ہیں۔سیاست میں بھکتی ہوتو آمریت( ڈکٹیٹر شپ)کی طرف لے جاتی ہے۔نریندرا مودی اور ممتا بنرجی میں یہ خاصیتیں (آمرانہ) موجود ہیں۔اس بات کو یقینی بنالیجیے کہ آپ کے لیڈر میں یہ خاصیتیں نہ ہوں۔"